پاکستان - 12 نومبر 2025
ایمیزون نے ڈیلیوری ڈرائیورز کے لیے مصنوعی ذہانت سے مزین ’امیلیا‘ اسمارٹ چشمے متعارف کرا دیے — تیز، محفوظ اور مؤثر ڈیلیوری کا نیا دور شروع!
تازہ ترین - 25 اکتوبر 2025
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایمیزون نے مصنوعی ذہانت سے لیس امیلیا (Amelia) اسمارٹ چشموں کا نیا پروٹو ٹائپ متعارف کرایا ہے جو خاص طور پر کمپنی کے ڈلیوری ڈرائیورز کے لیے تیار کیا گیا ہے، تاکہ ڈیلیوری کے عمل کو تیز، محفوظ اور زیادہ مؤثر بنایا جا سکے۔
بی بی سی کے مطابق یہ چشمے بلٹ اِن کیمرے اور ڈسپلے سے لیس ہیں اور ایک خاص ویس کوٹ کے ساتھ منسلک ہوتے ہیں، جس کے بٹن دبانے سے ڈرائیور اپنی ڈیلیوری کی تصاویر لے سکتے ہیں۔
ایمیزون کی نائب صدر برائے ٹرانسپورٹیشن بیریل ٹومی نے بتایا کہ یہ چشمے ملک بھر میں درجنوں پارٹنرز اور سینکڑوں ڈرائیورز کے ساتھ مختلف مقامات پر آزمائے جا رہے ہیں، اور ڈرائیورز ان کا استعمال حقیقی ڈیلیوریز میں کر رہے ہیں۔
کمپنی فی الحال اس ٹیکنالوجی کو تجرباتی مرحلے میں رکھے ہوئے ہے، تاہم منصوبہ ہے کہ اسے پہلے شمالی امریکا اور پھر دنیا بھر میں متعارف کرایا جائے۔
بیریل ٹومی نے عندیہ دیا کہ مستقبل میں یہ چشمے عام صارفین کے لیے بھی دستیاب ہو سکتے ہیں۔
تقریب کے دوران ایمیزون نے ایک روبوٹک بازو بھی پیش کیا جو گوداموں میں ملازمین کے ساتھ مل کر پارسلز کو زیادہ تیزی اور درستگی سے ترتیب دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس روبوٹ کا تجربہ اس وقت امریکی ریاست ساؤتھ کیرولائنا کے ایک گودام میں کیا جا رہا ہے۔
ایمیزون نے بتایا کہ امیلیا چشمے اس بات کی شناخت کر سکتے ہیں کہ آیا ڈرائیور گاڑی چلا رہا ہے، ایسی صورت میں چشمے خودکار طور پر بند ہو جاتے ہیں تاکہ توجہ میں خلل نہ آئے۔ کمپنی کے مطابق یہ فیچر ڈرائیورز کی حفاظت کے لیے نہایت اہم ہے۔
ان چشموں میں فزیکل کنٹرول سوئچ بھی دیا گیا ہے، جس کے ذریعے ڈرائیور تمام سینسرز، کیمرا اور مائیکروفون کو مکمل طور پر بند کر سکتے ہیں۔
ایمیزون کے مطابق یہ ٹیکنالوجی ہر 8 تا 10 گھنٹے کی شفٹ میں اوسطاً 30 منٹ تک وقت کی بچت ممکن بناتی ہے، کیونکہ یہ ڈرائیورز کو پیکیجز تیزی سے تلاش کرنے اور دہرائے جانے والے کاموں کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
گزشتہ برسوں میں میٹا نے بھی رے بین کے اشتراک سے اپنے اسمارٹ چشمے لانچ کیے تھے، مگر ان کا ہدف عام صارفین تھے، جبکہ ایمیزون کا منصوبہ مکمل طور پر پیشہ ورانہ استعمال پر مرکوز ہے۔
ایمیزون کا کہنا ہے کہ امیلیا اسمارٹ چشمے اس کے ڈیلیوری نیٹ ورک کے آخری مرحلے کو جدید اور مؤثر بنانے کی جانب ایک انقلابی قدم ہیں۔
دیکھیں

