سعودی عرب کا انوکھا قدم! نیوم میں 350 میٹر بلند فٹبال اسٹیڈیم 2034 ورلڈکپ کے لیے تیار

news-banner

تازہ ترین - 29 اکتوبر 2025

سعودی عرب نے فیفا ورلڈکپ 2034 کی میزبانی کے لیے دنیا کے منفرد ترین اسٹیڈیمز میں سے ایک نیوم اسٹیڈیم کا اعلان کیا ہے، جو زمین سے 350 میٹر کی بلندی پر تعمیر کیا جائے گا۔

 

عالمی اسپورٹس ویب سائٹ گول (GOAL) کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے فیفا کو جمع کرائی گئی بڈ دستاویز میں بتایا گیا کہ نیوم اسٹیڈیم اپنی نوعیت کا پہلا ہو گا، جس کا فٹبال میدان بلندی پر واقع ہوگا اور وہاں سے نیوم شہر کے دلکش مناظر دیکھے جا سکیں گے۔


اس کی چھت بھی شہر کے دی لائن (The Line) کے ڈھانچے کا حصہ بنے گی۔

 

رپورٹ کے مطابق یہ اسٹیڈیم ان 11 نئے اسٹیڈیمز میں شامل ہے جو آئندہ آٹھ برسوں میں تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ چار موجودہ اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش بھی کی جائے گی۔

 

ورلڈکپ 2034 کے لیے سعودی عرب نے مجموعی طور پر 15 میزبان اسٹیڈیمز کی فہرست اور ان کے تصوری خاکے (concept designs) جاری کیے ہیں۔

 

یہ جدید ترین اسٹیڈیم دی لائن کے اندر تعمیر کیا جائے گا — یہ مستقبل کا ایک شہر ہے جس کا منصوبہ 2021 میں سامنے آیا تھا۔ دی لائن 170 کلومیٹر طویل، 200 میٹر چوڑا اور 500 میٹر بلند ہوگا، جسے جدید ترین تعمیراتی شاہکار قرار دیا جا رہا ہے۔