پاکستانی خلا بازوں کے لیے نیا سنگِ میل ‘ چین کے خلائی مشن ’تیانگ گونگ‘ میں شمولیت کا اعلان

news-banner

تازہ ترین - 30 اکتوبر 2025

چین کی انسانی خلائی ایجنسی نے ایک تاریخی اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو پاکستانی خلا باز چینی خلا بازوں کے ساتھ تربیت حاصل کریں گے، جن میں سے ایک کو چین کے خلائی اسٹیشن ’تیانگ گونگ‘ پر مختصر مدت کے مشن کے لیے بھیجا جائے گا۔

 

چینی سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق، پاکستانی خلا باز کو پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر منتخب کیا جائے گا جو آئندہ چینی مشن میں شرکت کرے گا۔ 

 

یہ عمل پاکستان اور چین کے درمیان رواں سال فروری میں ہونے والے معاہدے کے تحت شروع کیا گیا، اور خلا بازوں کے انتخاب کا عمل 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔

 

یہ پیش رفت پاکستان کے خلائی تحقیقی ادارے سپارکو (SUPARCO) اور چین کی ہیومن اسپیس ایجنسی کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہے۔


چینی خلائی اسٹیشن تیانگ گونگ، جس کا مطلب ہے "آسمانی محل"، اس وقت دنیا کے جدید ترین خلائی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔

 

رپورٹس کے مطابق پاکستان کے پہلے قومی خلا باز مشن کے دوران کئی سائنسی تجربات کیے جائیں گے جن میں حیاتیاتی و طبی سائنس، ایرو اسپیس انجینئرنگ، مٹیریلز سائنس، فلوئیڈ میکینکس، مائیکرو گریویٹی اسٹڈیز، ماحولیاتی تحقیق اور فلکیات جیسے شعبے شامل ہوں گے۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاہدے کو پاک-چین دوستی کا نیا باب قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی چین کے خلائی پروگرام میں شمولیت، دونوں ممالک کے سائنسی تعاون اور پرامن خلائی تحقیق کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے۔

 

گزشتہ چند برسوں میں پاکستان نے چین کے تعاون سے کئی سیٹلائٹس خلا میں روانہ کیے ہیں۔


سپارکو کے مطابق، پاکستانی خلا بازوں کی تیانگ گونگ مشن میں شمولیت، پاکستان کو خلائی تحقیق، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک نیا مقام دلائے گی۔