پاکستان - 12 نومبر 2025
ابتدائی عمر میں چینی کا کم استعمال دل کی بیماریوں سے طویل المدتی تحفظ فراہم کر سکتا ہے ‘ برطانوی تحقیق
تازہ ترین - 30 اکتوبر 2025
برطانیہ میں کی گئی ایک نئی تحقیق کے مطابق، اگر حاملہ خواتین اور بچوں کی ابتدائی عمر میں چینی کے استعمال کو محدود رکھا جائے تو بالغ عمر میں دل کی بیماریوں کا خطرہ نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔
یہ تحقیق 63 ہزار سے زائد برطانوی بالغوں کے طویل المدتی صحت کے ریکارڈز پر مبنی ہے، جن کی پیدائش دوسری جنگِ عظیم کے بعد اُس وقت ہوئی جب برطانیہ میں چینی راشن پر تھی۔
1950 کی دہائی میں حکومت نے حاملہ خواتین کے لیے روزانہ 40 گرام سے کم چینی کی اجازت دی تھی، جبکہ دو سال سے کم عمر بچوں کو اضافی چینی (Added Sugar) نہیں دی جاتی تھی۔
ماہرین کے مطابق، جن بچوں نے ابتدائی عمر میں کم چینی استعمال کی، ان میں بلوغت کے بعد دل کے امراض کے امکانات 20 فیصد تک کم پائے گئے۔ مزید تفصیلات کے مطابق:
- دل کے دورے کا خطرہ 25 فیصد کم
- دل کی ناکامی کا امکان 26 فیصد کم
- دل کی بے ترتیبی (Arrhythmia) کا خطرہ 24 فیصد کم
- فالج کا امکان 31 فیصد کم
- دل کی بیماری سے اموات کا خطرہ 27 فیصد کم ریکارڈ کیا گیا۔
تحقیق سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ چینی کے کم استعمال سے ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر جیسے امراض کا خدشہ بھی کم ہو جاتا ہے، جو بالآخر دل کے مسائل کا سبب بنتے ہیں۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ تحقیق براہِ راست سبب اور اثر کا ثبوت نہیں دیتی، لیکن نتائج ایک مضبوط تعلق ظاہر کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، اگر ان نتائج کی مزید تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ حاملہ خواتین اور بچوں کے لیے غذائی پالیسیوں کی تشکیل میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی، جو مستقبل میں عالمی سطح پر دل کی بیماریوں کے بوجھ کو کم کر سکتی ہے۔
دیکھیں

