پاکستان میری ٹائم ایکسپو میں ملکی دفاعی ٹیکنالوجی اور بلیو اکانومی کی شاندار نمائش

news-banner

تازہ ترین - 04 نومبر 2025

کراچی ایکسپو سینٹر میں پاکستان کی دوسری انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC) کا آغاز ہو گیا، جس میں جدید دفاعی ٹیکنالوجی، ڈرونز، آبی زراعت اور بلیو اکانومی سے متعلق اختراعات کی نمائش کی جا رہی ہے۔


یہ ایونٹ وزارتِ میری ٹائم افیئرز اور بدر ایکسپو سلوشنز کے اشتراک سے پاک بحریہ کی سرپرستی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔


افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ جغرافیائی طور پر بہترین میری ٹائم لوکیشن کے باوجود پاکستان کے جی ڈی پی میں میری ٹائم سیکٹر کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔


نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان میں سمندری وسائل اور ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور ملکی معیشت کا انحصار اس شعبے کی مضبوطی پر ہے۔


ایکسپو میں متعدد پاکستانی دفاعی کمپنیوں نے اپنی جدید مقامی مصنوعات پیش کیں جن میں بغیر پائلٹ کی سمندری گاڑیاں (USVs)، جدید ڈرون سسٹمز، جیمنگ گنز، اور میری ٹائم لاجسٹکس ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔


نیشنل الیکٹرانکس کمپلیکس آف پاکستان (NECOP) کی تیار کردہ ڈرون جیمنگ گن تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر کی رینج رکھتی ہے اور دشمن ڈرونز کے سگنلز کو منقطع کر کے انہیں ناکارہ بنا دیتی ہے۔


نمائش میں آبی زراعت اور بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے پاکستانی کمپنیوں زروہ انٹرپرائزز اور ایکو ٹیک فشریز نے بھی اپنی جدید ٹیکنالوجیز متعارف کرائیں۔


پیمک میں 45 ممالک کے 150 سے زائد مقامی اور 28 بین الاقوامی نمائش کنندگان شریک ہیں، جو پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔