امریکی ماہرین کا انکشاف: سوڈان کے شہر الفاشر میں اجتماعی قبریں کھود کر قتل عام کے ثبوت مٹائے جا رہے ہیں

news-banner

دنیا - 05 نومبر 2025

امریکی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ سوڈان کے دارفور کے دارالحکومت الفاشر میں نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) مبینہ طور پر اجتماعی قبریں کھود کر قتل کیے گئے شہریوں کی لاشیں دفن کر رہی ہے تاکہ حالیہ قتلِ عام کے شواہد چھپائے جا سکیں۔

 

ییل یونیورسٹی کے ہیومینیٹیرین ریسرچ لیب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیتھینیئل ریمنڈ نے عرب میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ RSF الفاشر میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے بعد ثبوت مٹانے میں مصروف ہے۔


انہوں نے زور دیا کہ اگر بین الاقوامی سطح پر اس بربریت کی آزادانہ تحقیقات کرنی ہیں تو آر ایس ایف کو شہر سے ہٹانا اور اقوامِ متحدہ، ریڈ کراس اور امدادی اداروں کو متاثرہ علاقوں تک رسائی دینا لازمی ہے، کیونکہ"ہم قاتلوں سے اپنی ہی تفتیش کی توقع نہیں رکھ سکتے۔"

 

26 اکتوبر کو سوڈانی فوج کے انخلا کے بعد RSF نے الفاشر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا تھا، جس کے بعد سے شہر میں اجتماعی قتل، جبری گمشدگیاں، جنسی تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں رپورٹ ہو رہی ہیں۔

 

اقوامِ متحدہ کے مطابق اب تک 70 ہزار سے زائد افراد الفاشر اور اس کے گردونواح سے نقل مکانی کر چکے ہیں، جبکہ ہزاروں محصور شہری خوراک، پانی اور طبی امداد سے محروم ہیں۔


یون ایچ سی آر کی نمائندہ جیکولین وِلما پار لیولیٹ نے خبردار کیا ہے کہ بدامنی کے باعث امدادی سرگرمیاں تقریباً معطل ہیں۔

 

28 اکتوبر کو ییل یونیورسٹی کی رپورٹ میں جاری سیٹلائٹ تصاویر میں الفاشر کے متعدد مقامات پر اجتماعی تدفین اور خون کے نشانات واضح طور پر دیکھے گئے۔


ریمنڈ نے کہا کہ"RSF اجتماعی قبریں کھود کر لاشوں کو دفنا رہی ہے، یہ ایک منظم کوشش ہے تاکہ قتلِ عام کے ثبوت مٹائے جا سکیں۔"

 

مقامی صحافی عبداللہ حسین کے مطابق، الفاشر پچھلے 18 ماہ سے محاصرے میں تھا، جہاں پہلے ہی انسانی امداد نہیں پہنچ رہی تھی، اور اب مکمل قبضے کے بعد صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے۔