روزانہ 5 ہزار قدم چلنا الزائمر سے دماغ کو محفوظ رکھ سکتا ہے، امریکی تحقیق

news-banner

تازہ ترین - 05 نومبر 2025

امریکہ میں کی گئی ایک تازہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ 5 ہزار قدم چلنے سے دماغ کو الزائمر کی بیماری سے محفوظ رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

 

 اس مطالعے میں تقریباً 300 معمر افراد کو 14 سال تک زیرِ نگرانی رکھا گیا اور معلوم ہوا کہ جن افراد کے دماغ میں الزائمر کی ابتدائی علامت سمجھے جانے والے بیٹا ایمائلائڈ پروٹین کی مقدار زیادہ تھی، اگر وہ جسمانی طور پر فعال تھے تو ذہنی تنزلی کی رفتار کم دیکھی گئی۔

 

تحقیق کے مطابق، ورزش سے بیٹا ایمائلائڈ کی مقدار کم نہیں ہوتی، لیکن یہ دماغ میں موجود ٹاؤ (Tau) پروٹین کی افزائش کو سست کر دیتا ہے، جو براہِ راست دماغی خلیات کو نقصان پہنچاتا ہے۔

 

روزانہ 5 ہزار سے 7 ہزار 500 قدم چلنے والے افراد میں ذہنی صلاحیتوں میں کمی کی رفتار ان افراد کے مقابلے میں تقریباً آدھی تھی جو زیادہ تر غیر فعال تھے۔ مزید چلنے سے اضافی فائدہ نہیں ہوتا، یعنی دماغ کی حفاظت کے لیے روزانہ 5 ہزار قدم کافی ہیں۔

 

تحقیق کی سربراہ ڈاکٹر وینڈی یاو نے کہا کہ طرزِ زندگی کے صحت بخش عوامل دماغی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگرچہ کچھ ادویات بیماری کی رفتار کو کم کرتی ہیں، باقاعدہ جسمانی سرگرمی اب بھی الزائمر سے بچاؤ کا مؤثر اور قابلِ عمل طریقہ ہے۔

 

 محققین نے واضح کیا کہ یہ مطالعہ مشاہداتی نوعیت کا تھا، لہذا یہ براہِ راست ثابت نہیں کرتا کہ چلنے سے الزائمر روکا جا سکتا ہے، مگر یہ ضرور ظاہر کرتا ہے کہ باقاعدہ چہل قدمی دماغی صحت کو بہتر رکھنے اور بیماری کی ابتدائی علامات کو سست کرنے میں مددگار ہے۔