ابتدائی تحقیق میں انکشاف: میلاٹونن کا طویل استعمال دل کی ناکامی کے خطرے سے منسلک

news-banner

تازہ ترین - 05 نومبر 2025

امریکی ہارٹ ایسوسی ایشن کے سائنٹیفک سیشنز 2025 میں پیش کی گئی ایک ابتدائی تحقیق کے مطابق، نیند کے لیے طویل عرصے تک میلاٹونن (Melatonin) کا استعمال دل کی ناکامی (Heart Failure) کے خطرے میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔

 

تحقیق میں بتایا گیا کہ وہ افراد جو ایک سال یا اس سے زیادہ عرصے تک میلاٹونن کو نیند لانے والے سپلیمنٹ کے طور پر استعمال کرتے ہیں، ان میں دل کے سنگین امراض کے امکانات 90 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔ 

 

اس کے علاوہ، ایسے افراد میں دل کے عارضے کے باعث اسپتال میں داخل ہونے کا خطرہ ساڑھے تین گنا زیادہ اور مجموعی اموات کا امکان بھی بڑھا ہوا پایا گیا۔

 

یہ تحقیق نیند کی کمی کے شکار 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد بالغ افراد کے پانچ سالہ طبی ریکارڈز کے تجزیے پر مبنی تھی۔

 

 ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ میلاٹونن امریکا میں طویل المیعاد نیند کی کمی کے علاج کے لیے منظور شدہ دوا نہیں ہے، اور چونکہ یہ ایک غیر ریگولیٹڈ سپلیمنٹ ہے، اس کی طاقت اور خالصیت مختلف برانڈز میں یکساں نہیں ہوتی۔

 

تحقیق کاروں نے زور دیا کہ اگرچہ نتائج سے میلاٹونن کے دل کی صحت پر ممکنہ منفی اثرات کے اشارے ملتے ہیں، تاہم یہ تعلق سبب اور اثر (Cause and Effect) کو ثابت نہیں کرتا۔ مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ میلاٹونن کے طویل استعمال کے دل پر اثرات کی حقیقی نوعیت کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔