ٹرمپ کا نیویارک پر طنز: "شہر نے اپنی خودمختاری کھو دی، میامی کمیونزم سے پناہ لینے والوں کا نیا مرکز بن گیا"

news-banner

دنیا - 06 نومبر 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ نیویارک سٹی نے انتخابات کے بعد اپنی خودمختاری کھو دی ہے، جبکہ میامی اب اُن امریکیوں کے لیے پناہ گاہ بن چکا ہے جو کمیونزم سے نجات چاہتے ہیں۔

 

امریکا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے نیویارک کے حالیہ میئر انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے 34 سالہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ ظہران ممدانی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

 

 انہوں نے کہا کہ "ڈیموکریٹس اتنے انتہا پسند ہو چکے ہیں کہ اب لوگ نیویارک کے کمیونزم سے بھاگ کر میامی جائیں گے۔"

 

ٹرمپ نے کہا کہ ممدانی نے اپنی انتخابی مہم میں مفت ٹرانسپورٹ، کم لاگت رہائش اور امیروں پر بھاری ٹیکس جیسے وعدے کیے تھے، جو نیویارک کی معیشت کے لیے خطرناک ثابت ہوں گے۔

 

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی انتظامیہ نے گزشتہ 9 مہینوں میں 18 کھرب ڈالر کی نئی سرمایہ کاری حاصل کی ہے، جب کہ ان کے سیاسی مخالفین معاشی تباہی پھیلا رہے ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ “ہمارے مخالفین عوام کو معاشی ڈراؤنا خواب دے رہے ہیں، جبکہ ہم امریکا کے لیے معاشی معجزہ لا رہے ہیں۔”