دنیا - 12 نومبر 2025
جرمنی کا پاکستان کیلئے 114 ملین یورو کا ترقیاتی پیکیج ‘ توانائی، ماحولیات اور سماجی فلاح پر توجہ
کاروبار - 06 نومبر 2025
جرمنی نے پاکستان کیلئے 114 ملین یورو (تقریباً 11 کروڑ 40 لاکھ یورو) پر مشتمل نئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کر دیا ہے، جو 2025–2026 کے مالی سال کیلئے مالی اور تکنیکی تعاون پر مبنی ہوگا۔
یہ اعلان اسلام آباد میں ہونے والے پاکستان اور جرمنی کے دو طرفہ ترقیاتی مذاکرات کے دوران کیا گیا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور جرمن وزارت برائے اقتصادی تعاون و ترقی کی ڈائریکٹر جنرل کرسٹین ٹوئٹسکے نے کی۔
اس موقع پر جرمن سفیر اینا لیپل اور پاکستان کی سفیر برائے جرمنی ثقلین سیدہ بھی شریک تھیں۔
جرمنی کا نیا پیکیج توانائی، ماحولیاتی تحفظ، پائیدار اقتصادی ترقی، فنی تربیت اور سماجی تحفظ جیسے کلیدی شعبوں پر مرکوز ہوگا۔
سیکرٹری اقتصادی امور نے جرمنی کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جرمن تعاون پاکستان کے اقتصادی پروگرام ’اُڑان پاکستان‘ کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
کرسٹین ٹوئٹسکے نے پاکستان کی اصلاحاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرمنی ماحولیاتی تبدیلی، اقتصادی استحکام اور سماجی شمولیت کے میدانوں میں پاکستان کے ساتھ قریبی شراکت داری برقرار رکھے گا۔
جرمن سفیر اینا لیپل نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پائیدار ترقی و اچھی حکمرانی کیلئے تعاون کو مزید وسعت دے گا۔
اجلاس کے اختتام پر فریقین نے ترقیاتی تعاون کا باضابطہ معاہدہ دستخط کیا اور 2027 میں برلن میں اگلے مذاکرات پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے نوجوانوں کیلئے فنی تربیت، روزگار کے مواقع، اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دیکھیں

