دنیا - 12 نومبر 2025
وزیراعظم شہباز شریف کی اتحادی جماعتوں سے اہم ملاقاتیں، 27ویں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کی کوششیں تیز
پاکستان - 06 نومبر 2025
ستائیسویں آئینی ترمیم پر اتفاقِ رائے کے لیے حکومت کی مشاورت تیز ہو گئی ہے۔ حکومتی اتحاد کا اہم اجلاس کچھ دیر بعد متوقع ہے جس میں وزیراعظم شہباز شریف پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما سی ای سی اجلاس سے قبل وزیراعظم سے خصوصی ملاقات کریں گے۔
پارٹی قیادت نے اسلام آباد سے صبح 11 بجے کی کراچی فلائٹ مؤخر کر دی ہے، اور وزیراعظم کی ہدایت پر انہیں بعد ازاں خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی روانہ کیا جائے گا تاکہ وہ آج شام ہونے والے پارٹی اجلاس میں شریک ہو سکیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور ایم کیو ایم کی قیادت کے درمیان آج دوپہر 12 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات طے ہے۔ ایم کیو ایم کے وفد میں چیئرمین خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، امین الحق، جاوید حنیف اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 27ویں آئینی ترمیم کی تفصیلات پر ایم کیو ایم کو اعتماد میں لیں گے، جبکہ ترمیم کی مختلف شقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ملاقات میں بلدیاتی نظام کو آئینی تحفظ دینے اور سیاسی معاہدوں پر عملدرآمد سے متعلق نکات بھی زیرِ بحث آنے کی توقع ہے۔
دیکھیں

