ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم کی اسلام آباد آمد، پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے عزم کا اظہار

news-banner

کھیل - 06 نومبر 2025

فیفا کے نائب صدر اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے اسلام آباد میں پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے زیرِ اہتمام مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان بھی موجود تھے۔

 

رانا مشہود نے شیخ سلمان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی سطح پر فٹبال کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں اور حکومت انہیں کھیلوں سمیت ہر شعبے میں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

 

وزیر کھیل نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کے اسپورٹس ہنٹ پروگرام کے تحت 23 کھیلوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور حکومت فٹبال فیڈریشن کے ساتھ ملک بھر میں ٹیلنٹ کی تلاش کے عمل کو تیز کرے گی۔

 

شیخ سلمان بن ابراہیم نے پاکستان کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہاں آ کر خوشی ہوئی ہے۔ ان کے مطابق فٹبال دنیا کا سب سے مقبول کھیل ہے اور پاکستان میں اس کے فروغ کے بے شمار امکانات موجود ہیں۔


انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایشین فٹبال کنفیڈریشن پاکستان میں فٹبال کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔