دنیا - 12 نومبر 2025
ایم کیو ایم کا وزیراعظم سے 27ویں آئینی ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنانے کا مطالبہ
پاکستان - 06 نومبر 2025
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئی۔
وفد کی قیادت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی، جبکہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، جاوید حنیف، سید امین الحق، اور خواجہ اظہار الحسن بھی شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ آئینی ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کو زیادہ اختیارات دیے جائیں۔
وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے بلدیاتی مسودے کو ترمیم میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) اس مسودے کی مکمل حمایت کرے گی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے مطابق، وزیراعظم نے 27ویں آئینی ترمیم پر اتحادی جماعتوں سے مکمل مشاورت کی ہے، جس میں بلدیاتی نظام کے اختیارات کے تعین پر بھی گفتگو ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت رواں ماہ کے دوران 27ویں آئینی ترمیم کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔
بعدازاں وزیراعظم سے پیپلز پارٹی کے وفد نے بھی ملاقات کی جس میں ترمیمی نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما عرفان قادر، راجا پرویز اشرف، نوید قمر، اور شیری رحمٰن کراچی میں ہونے والے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کا وفد بھی وزیراعظم سے ملاقات کرے گا، جو بلوچستان کے لیے اسمبلی نشستوں میں اضافے کا مطالبہ کرے گا۔
دیکھیں

