پاکستان - 12 نومبر 2025
افغان طالبان سے استنبول میں مذاکرات جاری، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو نظرانداز کریں‘دفتر خارجہ
پاکستان - 07 نومبر 2025
اسلام آباد: دفترِ خارجہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ افغان طالبان کے ساتھ استنبول میں مذاکرات جاری ہیں اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ خبروں پر دھیان نہ دیا جائے۔
ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کا مؤقف دوٹوک ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ثالثوں کو شواہد پر مبنی مطالبات فراہم کیے ہیں، جن پر وہ افغان فریق کے ساتھ نکات کی بنیاد پر بات چیت کر رہے ہیں۔ اندرابی کے مطابق، ثالثوں نے پاکستان کے مؤقف کی مکمل تائید کی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ غزہ میں امن فوج بھیجنے کا کوئی بھی فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔ پاکستان اسرائیلی جارحیت اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے اور فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی انخلا کا مطالبہ کرتا ہے۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کسی صورت قبول نہیں، کیونکہ پانی پاکستان کے لیے بقا کا معاملہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے دوحہ کانفرنس میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں وہ یومِ فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے 3 نومبر کو استنبول کا دورہ کیا تھا اور پاکستان، افغانستان اور ثالث ممالک کے درمیان مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
دیکھیں

