پاکستان - 12 نومبر 2025
راجہ فاروق حیدر کا مطالبہ: وزیراعظم آزاد کشمیر فوری مستعفی ہوں، حکومت انتظامی کنٹرول کھو چکی ہے
پاکستان - 07 نومبر 2025
اسلام آباد: آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما راجہ محمد فاروق حیدر خان نے موجودہ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست شدید انتظامی بحران کا شکار ہے اور وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے پاس نہ اکثریت رہی ہے، نہ عہدے پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز۔
مرکزی ایوانِ صحافت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق حیدر نے کہا کہ وزیراعظم انوارالحق کو فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہیے یا اسمبلی تحلیل کر دینی چاہیے۔ ان کے مطابق حکومت اور انتظامیہ مکمل طور پر کنٹرول کھو چکی ہیں، اور موجودہ سیاسی کمزوری نے ریاستی نظام کو مفلوج کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب 27 ارکان نے وزیراعظم کے خلاف حمایت ظاہر کر دی تھی، تو انوارالحق کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہو جانا چاہیے تھا۔
راجہ فاروق حیدر نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں کے وزراء پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے صدر شاہ غلام قادر کو اپنے وزراء سے استعفے طلب کرنے چاہئیں، کیونکہ پارٹی پہلے ہی وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی حمایت کر چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دو وزراء استعفیٰ دے چکے ہیں، باقی کس کے منتظر ہیں؟ پیپلز پارٹی کے وزراء اب بھی سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں، حالانکہ وہ بھی وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کا اعلان کر چکے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر موجودہ سیاسی اور انتظامی جمود برقرار رہا، تو اس کے نتائج ریاست کے لیے انتہائی نقصان دہ ہوں گے۔
فاروق حیدر نے کہا کہ سیاسی بحران کا واحد حل نئے انتخابات ہیں، تاہم موجودہ حالات انتخابی عمل کو متاثر کر سکتے ہیں۔
انہوں نے جذباتی انداز میں کہا:“میری سب سے بڑی سیاسی غلطی انوارالحق کو ووٹ دینا تھی، جس پر آج بھی شرمندہ ہوں۔”
سیاسی مبصرین کے مطابق، آزاد کشمیر میں جاری سیاسی بے یقینی نے حکومت کے مستقبل پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے استعفے کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
دیکھیں

