اے آئی کی بنیاد پر نیا لفظ “وائب کوڈنگ” سال کا مقبول ترین لفظ قرار

news-banner

تازہ ترین - 07 نومبر 2025

کولنز ڈکشنری نے 2025ء کا لفظِ سال “وائب کوڈنگ” قرار دے دیا، جو کہ ایک ایسا اصطلاحی لفظ ہے جس کا مطلب ہے روایتی پروگرامنگ کے بجائے مصنوعی ذہانت سے سافٹ ویئر تیار کروانا۔

 

یہ اصطلاح اوپن اے آئی کے شریک بانی انڈریج کارپتھی نے ایجاد کی۔ اس کا مطلب ہے کہ عام گفتگو اور قدرتی زبان کو اے آئی کی مدد سے کمپیوٹر کوڈ میں تبدیل کرنا۔


کولنز کے مطابق یہ ہے “ویری ایبلز نہیں، وائبز کے ذریعے پروگرامنگ”۔

 

ڈکشنری کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی ماہرین اس پر اختلاف رکھتے ہیں کہ آیا یہ تبدیلی انقلابی ہے یا خطرناک، لیکن یہ اصطلاح واضح طور پر اُس نئے رجحان کی نشاندہی کرتی ہے جہاں روزمرہ زندگی میں اے آئی پر انحصار مسلسل بڑھ رہا ہے۔

 

کولنز کی ٹیم پوری دنیا کے میڈیا اور سوشل میڈیا سے لیے گئے 24 ارب الفاظ پر مشتمل Corpus کی مدد سے ہر سال نئے اور نمایاں الفاظ کی فہرست تیار کرتی ہے۔

 

2025 کی فہرست میں کئی نئے الفاظ شامل ہیں جو بدلتی دنیا کی عکاسی کرتے ہیں:

  • برو لیگارکی — امیر ترین مردوں کی چھوٹی سیاسی بااثر ٹولی
  • کلینکر — کمپیوٹر، روبوٹ یا اے آئی کے لیے ہتک آمیز لفظ
  • ہنری (HENRY) — زیادہ کمانے والا لیکن اب تک امیر نہ بن پانے والا شخص
  • ٹاسک ماسکنگ — کام کا دکھاوا کرکے مصروف نظر آنا
  • مائیکرو ریٹائرمنٹ — ملازمتوں کے درمیان ذاتی دلچسپی کے وقفے
  • بایو ہیکنگ — جسم کے نظام بدل کر صحت و عمر بڑھانے کی کوشش
  • آورا فارمنگ — ایک پرکشش اور منفرد شخصیت جان بوجھ کر بنانا
  • گلیز کرنا — ضرورت سے زیادہ تعریفیں کرنا
  • کولکیشن — ٹھنڈے موسم والی جگہ میں چھٹیاں گزارنا

گزشتہ سال کا لفظِ سال “بریٹ” تھا، جو گلوکارہ چارلی ایکس سی ایکس کے البم کے باعث مشہور ہوا اور بے خوف، آزاد اور خوش مزاج رویے کی علامت سمجھا گیا۔