کراچی میں رینجرز کی بڑی کارروائی، غیر قانونی اسلحہ لائسنس بنانے والے دو اہم ملزمان گرفتار

news-banner

پاکستان - 08 نومبر 2025

کراچی کے علاقوں منظور کالونی اور لکی اسٹار صدر میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ہتھیاروں کی ترسیل اور جعلی لائسنس سازی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔


ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت راشد محمود اعوان اور حاجی بانو خان وسان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ان کے قبضے سے مختلف اقسام کے اسلحے، گولیاں، بارودی مواد، پانچ سیکیورٹی گارڈز کی وردیاں، 177 اسلحہ لائسنس، 302 شناختی کارڈ، موبائل فونز، کمپیوٹرز، سرکاری اداروں اور سیکیورٹی کمپنیوں کی مہریں اور نقدی برآمد کی گئی۔

 

دورانِ تفتیش ملزمان نے تقریباً 900 جعلی اسلحہ لائسنس تیار کرنے کا اعتراف کیا۔ رینجرز حکام کے مطابق برآمد شدہ لائسنسز کی تصدیق متعلقہ اداروں سے کرائی جا رہی ہے جبکہ ملزمان کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

 

چند روز قبل بھی سندھ رینجرز نے منگھوپیر کے علاقے کنواری کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے تین انتہائی مطلوب دہشت گردوں — زیداللہ، نور زادہ اور عثمان — کو گرفتار کیا تھا۔ یہ دہشت گرد امیر شمس القیوم عرف زاویل کے قریبی ساتھی بتائے جاتے ہیں جو علاقے کے لوگوں کے نمبرز بھتہ وصولی کے لیے فراہم کرتے تھے۔