27ویں آئینی ترمیم: ججز کے تبادلے میں ایگزیکٹو کے اختیارات محدود، فیلڈ مارشل کا اعزاز تاحیات برقرار رہے گا

news-banner

پاکستان - 08 نومبر 2025

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت ججز کے تبادلے (ٹرانسفر) سے متعلق ایگزیکٹو کے اختیارات محدود کر دیے گئے ہیں اور یہ اختیار اب جوڈیشل کمیشن کو دیا جائے گا، جبکہ فیلڈ مارشل کا اعزاز تاحیات برقرار رکھا جائے گا۔

 

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون نے بتایا کہ وزیراعظم نے اجلاس کی صدارت باکو سے ویڈیو لنک کے ذریعے کی، جس میں مختلف آئینی ترامیم پر غور کیا گیا۔ یہ ترامیم منظوری کے لیے سینیٹ میں پیش کی جائیں گی۔

 

اعظم نذیر تارڑ کے مطابق، آئینی ترمیمی بل سینیٹ میں پیش ہونے کے بعد ایک مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا، اور حکومت نے اس حوالے سے پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی میں آئینی عدالت کے قیام سے متعلق وعدے پر بھی اتفاقِ رائے ہو چکا ہے۔

 

وزیر قانون نے بتایا کہ کے پی کے سینیٹ انتخابات کی تاخیر اور بلوچستان اسمبلی کے حلقوں میں اضافے سے متعلق ترامیم بھی زیر غور ہیں، جبکہ مجوزہ بل میں ایڈوائزرز کی تعداد 7 تک بڑھانے اور آرٹیکل 243 میں تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی کی تجویز شامل ہے۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ 1973 کے آئین سے قبل فیلڈ مارشل کا عہدہ ختم کیا جا چکا تھا، تاہم مجوزہ ترمیم کے تحت اس کا اعزاز تاحیات برقرار رکھا جائے گا۔

 

مزید برآں، آرٹیکل 140 اے میں بھی ترمیم تجویز کی گئی ہے، جسے ایم کیو ایم کے پیش کردہ بل کے ساتھ کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا تاکہ اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے منظوری دی جا سکے۔