دنیا - 12 نومبر 2025
جے یو آئی نے 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کر لیا
پاکستان - 10 نومبر 2025
جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ نہ دینے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا ہے۔
جے یو آئی کے مرکزی رہنما و سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ پارٹی کو ترمیم کے ہر پہلو پر اعتراضات ہیں اور حکومت پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم دراصل 26ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے اپوزیشن کو ترمیمی مسودہ پڑھنے تک کی اجازت نہیں دی، حالانکہ جے یو آئی مشترکہ کمیٹی میں شرکت کر کے اپنی تجاویز پیش کرنا چاہتی تھی۔
دوسری جانب پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی ترمیم کی مخالفت کرتے ہوئے واضح اعلان کیا ہے کہ جے یو آئی ترمیم کے حق میں ووٹ نہیں دے گی۔
دبئی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے 26ویں ترمیم سے نکالے گئے نکات دوبارہ 27ویں ترمیم میں شامل کر کے وعدہ خلافی کی ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق جے یو آئی کا فیصلہ حکومت کے لیے ایک بڑا سیاسی جھٹکا ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر اس موقع پر جب حکومت کو آئینی ترمیم کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہے۔
دیکھیں

