ہیما مالنی نے دھرمیندر کی موت کی افواہوں کی سختی سے تردید کردی "وہ زندہ ہیں اور صحتیاب ہو رہے ہیں"

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 11 نومبر 2025

لیجنڈری اداکارہ اور رکنِ پارلیمنٹ ہیما مالنی نے اپنے شوہر اور بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر کے انتقال سے متعلق پھیلنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالکل زندہ ہیں اور ان کی حالت میں بہتری آرہی ہے۔

 

گزشتہ شب سوشل میڈیا پر دھرمیندر کے انتقال کی خبریں تیزی سے وائرل ہوئیں، جس سے مداحوں اور شوبز انڈسٹری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم ہیما مالنی نے ان افواہوں کو "غیر ذمہ دارانہ اور ناقابلِ معافی" قرار دیتے ہوئے میڈیا اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

 

اداکارہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا:"یہ سب کچھ ناقابلِ معافی ہے۔ ذمہ دار میڈیا ادارے کسی ایسے شخص کے بارے میں جھوٹی خبریں کیسے پھیلا سکتے ہیں جو علاج کے دوران بہتری کی جانب گامزن ہے؟ براہ کرم ہمارے خاندان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔"

 

 

ادھر دھرمیندر کی صاحبزادی ایشا دیول نے بھی انسٹاگرام پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے والد کی حالت مستحکم ہے۔


انہوں نے کہا:

"میڈیا بے بنیاد خبریں پھیلا رہا ہے۔ میرے والد ٹھیک ہیں اور صحتیاب ہو رہے ہیں۔ ہم مداحوں کی دعا اور محبت کے شکر گزار ہیں۔"

 

ذرائع کے مطابق، دھرمیندر کو طبیعت ناساز ہونے پر ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں وہ ڈاکٹروں کی خصوصی نگہداشت میں ہیں۔

 

ہیما مالنی اور ایشا دیول نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبریں پھیلانے سے گریز کریں اور خاندان کو سکون اور پرائیویسی فراہم کریں۔