پاکستان - 12 نومبر 2025
اتحادیوں کے ساتھ تمام معاملات پر مشاورت ہوئی، اپوزیشن بیٹھنے کو تیار نہیں‘ رانا ثناء اللّٰہ
پاکستان - 11 نومبر 2025
مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ حکومت نے تمام اتحادی جماعتوں کو دعوت دی، وہ شریک ہوئیں اور ان کے سامنے تمام امور رکھے گئے، جبکہ ان کی تجاویز پر عملدرآمد بھی کیا گیا۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اتحادیوں سے رہنمائی حاصل کر کے کچھ نکات میں تبدیلی کی گئی ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ کے مطابق پی ٹی آئی سمیت اپوزیشن کا ہمیشہ سے رویہ غیر سنجیدہ رہا ہے، وہ مذاکرات کے لیے تیار نہیں۔ وزیراعظم نے یومِ آزادی پر بھی انہیں “میثاقِ استحکامِ پاکستان” کی پیشکش کی، مگر انہوں نے انکار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایوان میں تین مرتبہ ڈائیلاگ کی پیشکش کی گئی، حتیٰ کہ اسٹینڈنگ کمیٹیوں میں نمائندگی کا حق ہونے کے باوجود وہ مستعفی ہوگئے۔
سینیٹر نے مزید کہا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی میں آئینی عدالتوں کا ذکر تھا، مگر چھبیسویں ترمیم میں یہ معاملہ مؤخر ہوگیا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے وضاحت کی کہ فوج کے انٹرنل کمانڈ اسٹرکچر میں جو تبدیلیاں کی گئی ہیں، وہ جدید تقاضوں اور عملی تجربات کے مطابق ہیں، اور یہ خالصتاً پیشہ ورانہ نوعیت کا معاملہ ہے، سیاسی بحث سے اس کا تعلق نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تعلیم، صحت، آبادی اور بلدیات جیسے شعبوں پر مکمل اتفاقِ رائے نہیں ہو سکا، تاہم ان اہم عوامی امور پر بات چیت جاری ہے۔ جیسے جیسے اتفاق رائے بنتا جائے گا، ان میں آئینی ترامیم بھی ممکن ہوں گی، جن کے لیے دو تہائی اکثریت لازمی ہے۔
دیکھیں

