اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش حملہ ‘ افغانستان میں موجود ہینڈلرز سے رابطے کے شواہد: محسن نقوی

news-banner

پاکستان - 11 نومبر 2025

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد دھماکے میں ملوث کسی شخص کو بھی معاف نہیں کیا جائے گا، چاہے اس کا تعلق کسی دوسرے ملک سے کیوں نہ ہو۔

 

اسلام آباد جی الیون کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دوپہر 12 بج کر 39 منٹ پر ہونے والے خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہوئے۔

 

محسن نقوی کے مطابق خودکش بمبار تقریباً 10 سے 15 منٹ تک جائے وقوعہ کے قریب کھڑا رہا اور کچہری میں داخل ہونے کی کوشش کرتا رہا، مگر ناکامی پر اس نے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

 

وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ حملہ آور افغانستان میں اپنے ہینڈلرز سے رابطے میں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس شواہد موجود ہیں کہ افغانستان میں دہشت گردوں کو تربیت دی جا رہی ہے۔ اگر انہیں نہیں روکا گیا تو پاکستان خود ان کے خلاف کارروائی کرے گا۔

 

انہوں نے بتایا کہ آج کے دھماکے کے کئی پہلو وانا حملے سے جڑے ہیں۔ وانا کے کیڈٹ کالج پر حملے کے دوران دہشت گردوں نے طلبہ کو یرغمال بنانے کی کوشش کی مگر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 115 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔

 

محسن نقوی نے کہا کہ وانا حملے میں بھی افغانستان کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، وہاں سے مسلسل رابطے کیے جا رہے تھے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دو ہفتوں کے اندر بغیر ٹیگ والی گاڑیوں کا اسلام آباد میں داخلہ بند کر دیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ شواہد اکھٹے کر لیے گئے ہیں، اور کچہری حملے میں ملوث تمام کرداروں کو بے نقاب کیا جائے گا۔

 

ذرائع کے مطابق اسلام آباد خودکش حملے کی جگہ سے مبینہ حملہ آور کا سر بھی برآمد ہوا ہے، جس کی بنیاد پر تفتیش جاری ہے۔