بالی ووڈ کے لیجنڈ دھرمیندر اسپتال سے گھر منتقل، علاج گھریلو نگرانی میں جاری

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 12 نومبر 2025

بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور لیجنڈ دھرمیندر کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال سے صحت میں بہتری کے بعد گھر منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج اب گھریلو نگرانی میں جاری رہے گا۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق 89 سالہ دھرمیندر کو بدھ کی صبح تقریباً ساڑھے سات بجے اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا۔ میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ایک ایمبولینس کو اداکار کے گھر کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

 

اداکار کے معالج نے تصدیق کی کہ “دھرمیندر کو آج صبح اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے، اور اہل خانہ کی خواہش کے مطابق اب ان کا علاج گھر پر جاری رہے گا۔”

 

دھرمیندر کے اہل خانہ نے بھی باضابطہ بیان میں کہا ہے کہ “ہم میڈیا اور عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ افواہوں سے گریز کریں اور اس وقت ان اور ان کے خاندان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔ ہم سب ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں کے بے حد شکر گزار ہیں۔”

 

خیال رہے کہ گزشتہ روز مختلف بھارتی میڈیا پلیٹ فارمز پر دھرمیندر کی وفات سے متعلق جھوٹی خبریں زیر گردش تھیں، جنہیں ان کی بیٹی ایشا دیول اور اہلیہ ہیما مالنی نے فوری طور پر مسترد کرتے ہوئے ان کی صحت کے حوالے سے تسلی بخش اپڈیٹ دی تھی۔

 

اطلاعات کے مطابق دھرمیندر کو 31 اکتوبر کو سانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور انہیں 10 نومبر تک وینٹی لیٹر پر رکھا گیا۔ تاہم اب ان کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔

 

دھرمیندر بھارتی فلم انڈسٹری کے عظیم ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے شعلے، دھرم ویر، چپکے چپکے، میرا گاؤں میرا دیش اور ڈریم گرل جیسی کلاسک فلموں میں لازوال کردار نبھائے۔


حال ہی میں وہ شاہد کپور اور کریتی سینن کے ساتھ فلم تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا میں نظر آئے تھے، جبکہ ان کی نئی فلم اکیس (IKKIS) 25 دسمبر کو ریلیز ہوگی، جس میں وہ امیتابھ بچن کے نواسے آگستیہ نندا کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔