سندھ طاس ثالثی: پاکستان نے بھارت کی غیر حاضری کے باوجود کارروائی کو مرحلہ وار جاری رکھنے کا خیر مقدم کیا

news-banner

دنیا - 12 نومبر 2025

پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کے خلاف ثالثی عدالت کی کارروائی اور غیر جانب دار ماہر کے فیصلوں کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق، بھارت کی غیر حاضری کے باوجود ویانا میں کارروائی طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہے گی۔

 

وزارتِ خارجہ کے مطابق، 8 اگست 2025 کو جاری کیے گئے عدالت کے 'عام تشریحی معاملات سے متعلق ایوارڈ' میں بعض اہم امور کی وضاحت کی گئی ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ کارروائی مرحلہ وار جاری رہے گی اور اس دوران غیر جانب دار ماہر کی رہنمائی کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

 

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ غیر جانب دار ماہر کے تحت یہ کارروائی بھارت کی درخواست پر شروع کی گئی تھی، جس کا اگلا مرحلہ 17 سے 21 نومبر 2025 تک ویانا میں ہوگا۔ بھارت نے اپنی شرکت سے انکار کیا ہے، تاہم پاکستان نے اس عمل میں نیک نیتی کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

 

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ بھارت کی عدم شرکت کارروائی کی پیش رفت میں رکاوٹ نہیں بن سکتی اور یہ عمل طے شدہ منصوبے کے مطابق آگے بڑھتا رہے گا۔