دنیا - 14 نومبر 2025
راولپنڈی میں آج پاکستان اور سری لنکا کا دوسرا ون ڈے‘گرین شرٹس کو برتری، شائقین پرجوش
کھیل - 14 نومبر 2025
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا دوسرا ڈے اینڈ نائٹ میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اڑھائی بجے شروع ہوگا، جبکہ ٹاس دو بجے کیا جائے گا۔ سیریز میں پاکستان کو 0–1 کی برتری حاصل ہے۔
قومی ٹیم کی قیادت شاہین آفریدی جبکہ سری لنکن ٹیم کی کپتانی چارتھ اسالنکا کریں گے۔ اسٹیڈیم میں انتظامات مکمل ہیں اور شائقین سنسنی خیز مقابلے کے منتظر ہیں۔
ریکارڈ کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 158 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں 94 پاکستان اور 59 سری لنکا نے جیتے، ایک میچ ٹائی ہوا جبکہ چار بے نتیجہ رہے۔
راولپنڈی میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچز ہوئے جن میں پاکستان نے دو میں کامیابی حاصل کی۔ آج کا میچ بھی سخت مقابلے کی توقع کے ساتھ انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔
شائقین کو امید ہے کہ پاکستان آج بھی بہترین کارکردگی دکھا کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرے گا۔ کرکٹ کے چاہنے والوں کے لیے میچ کا ہر لمحہ جوش اور دلچسپی سے بھرپور ہوگا۔
گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان اور سری لنکا کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور سری لنکن ٹیم کا دورہ جاری رکھنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دہشتگردی کے خلاف اہم پیغام قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ امن کی جیت ہے اور پاکستانی عوام سری لنکن کرکٹرز کی محبت کے ہمیشہ مقروض رہیں گے۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے بھی پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا اور سیکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد ظاہر کیا۔
پہلے ون ڈے میں پاکستان ٹیم کو سری لنکا کے خلاف سلو اوور ریٹ پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ ہوا۔ آئی سی سی کے مطابق قومی ٹیم مقررہ اوورز وقت پر مکمل نہ کر سکی، جس کے باعث جرمانہ عائد کیا گیا۔
کپتان شاہین آفریدی نے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم آئندہ میچز میں اوور ریٹ کا خاص خیال رکھے گی۔
آئی سی سی کے مطابق سلو اوور ریٹ کے ضابطے کھیل کی رفتار برقرار رکھنے اور شائقین کو بہتر تجربہ فراہم کرنے کے لیے نافذ کیے جاتے ہیں۔
دیکھیں

