تازہ ترین - 14 نومبر 2025
پی ایس ایل فرنچائزز کی ویلیو ایشن مکمل، نئے 10 سالہ معاہدوں کی پیشکش جاری
کھیل - 14 نومبر 2025
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تمام فرنچائز ٹیموں اور دیگر اثاثوں کی ویلیو ایشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
پی سی بی نے اگلے دس سال کے لیے نئی فیس کے ساتھ فرنچائز معاہدوں کی تجدید کی پیشکش تمام اہل ٹیموں کو ارسال کر دی ہے، اور ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے فیصلے سے پی ایس ایل مینجمنٹ کو آگاہ کریں۔
معاہدوں کی شفافیت یقینی بنانے کے لیے پی سی بی نے فرنچائز نمائندوں اور چارٹرڈ فرم ای وائے مینا (EY MENA) کے ساتھ مشترکہ اور انفرادی ملاقاتوں کا اہتمام بھی کیا ہے، جہاں فرنچائز مالکان ویلیو ایشن کے طریقۂ کار کا جائزہ لے سکیں گے اور اپنے سوالات پوچھ سکیں گے۔
پی سی بی کو ای وائے مینا کی جانب سے دو نئی پی ایس ایل ٹیموں کی ممکنہ قیمت سے متعلق رپورٹس بھی موصول ہو گئی ہیں، جن کی فروخت کے لیے ٹینڈر کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
نئی فرنچائزز خریدنے کے خواہشمندوں کو جن شہروں کے نام تجویز کیے جائیں گے ان میں حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد، فیصل آباد، گلگت اور راولپنڈی شامل ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور بورڈ لیگ کے تمام شراکت داروں کے ساتھ منصفانہ، شفاف اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔
دیکھیں

