فلموں میں مار کھانے والے کردار کی وجہ سے والد نے تین سال تک گھر آنے سے روکا،،نواز الدین صدیقی

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 14 نومبر 2025

بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار نواز الدین صدیقی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کی مشکلات کا ذکر کیا۔ 

 

انہوں نے بتایا کہ فلموں میں مسلسل مار کھانے والے کردار ادا کرنے کی وجہ سے ان کے والد نے انہیں گھر آنے سے روک دیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی اس بے عزتی سے خاندان کی عزت متاثر ہوتی ہے۔

 

اداکار نے اپنی ابتدائی فلموں جیسے ’سرفروش‘ اور ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے کرداروں میں بار بار پٹائی دکھانے کی وجہ سے والد کو بہت تکلیف ہوتی تھی۔ نواز الدین نے بتایا کہ گاؤں والے بھی اپنے والد کو طعنہ دیا کرتے تھے کہ ان کا بیٹا فلموں میں ہمیشہ مار کھاتا رہتا ہے۔

 

نواز الدین نے کہا کہ انہیں کیریئر کے آغاز میں ہر فلم میں ایسے کردار دیے جاتے تھے جن میں وہ مار کھاتے تھے، اور والد کی ناراضگی کے باعث وہ تین سال تک گاؤں واپس نہیں گئے۔ بعد ازاں انوراگ کشیپ کی فلم ’گینگز آف واسع پور‘ نے انہیں شہرت دی، اور والد نے اس فلم میں ان کے گینگسٹر کے کردار کی تعریف کی، جس کے بعد وہ گاؤں واپس گئے اور والد سے محبت اور تعریف حاصل کی۔