لداخ میں بھارت کا نیا ایئربیس فعال , چینی سرحد کے قریب جنگی آپریشنز کی نئی سہولت

news-banner

دنیا - 14 نومبر 2025

بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے لداخ کے متنازع خطے میں چین کی سرحد کے قریب ایک نئے ایئربیس کا افتتاح کردیا، جو جنگی طیاروں کی آپریشنل سرگرمیوں کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

 

عالمی میڈیا کے مطابق وزارتِ دفاع کے حکام نے بتایا کہ ایئرچیف مارشل اے پی سنگھ سی-130 طیارے کے ذریعے 13 ہزار فٹ کی بلندی پر قائم مڈھ نیوما ایئرفورس اسٹیشن پہنچے، جہاں انہوں نے نئے ایئربیس پر پہلی افتتاحی لینڈنگ کی۔

 

بھارتی حکام کے مطابق لداخ کا یہ ایئربیس خطے میں بھارت کا تیسرا اہم عسکری ہواباز مرکز ہے، جو لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) سے تقریباً 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

 

سابق ایئرمارشل سنجیو کپور نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ لداخ میں قائم یہ نیا ایئربیس جنگی طیاروں کی لینڈنگ کی سہولت رکھتا ہے اور چین و پاکستان دونوں کے لیے نیا اسٹریٹجک چیلنج ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی بلندی پر چین کا بھی ایک ایئرفیلڈ موجود ہے۔

 

واضح رہے کہ چین اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازع کئی دہائیوں سے جاری ہے۔ 1962 کی جنگ کے بعد کشیدگی وقتاً فوقتاً بڑھتی رہی، تاہم 2024 میں ہونے والے معاہدے اور اعلیٰ سطح کے دوروں کے بعد حالات میں نسبتاً بہتری آئی۔ دونوں ممالک کے درمیان 2020 میں شدید جھڑپیں بھی ہوئیں جن میں بھارت کو جانی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔