“پاکستان کا دو ٹوک اعلان: دہشت گردوں سے کوئی مذاکرات نہیں ‘ افغان رجیم کے دعویٰ مسترد”

news-banner

دنیا - 14 نومبر 2025

دفتر خارجہ نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کے کسی بھی گروہ سے مذاکرات نہیں کرے گا اور افغان رجیم کے بیانات محض کھوکھلے دعووں کے سوا کچھ نہیں۔


اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ افغانستان میں طالبان حکومت آنے کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان نے مسلسل تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن ملک میں سرگرم زیادہ تر دہشت گرد افغان گروہوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

 

ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کی معاونت کرنے والوں کے لیے کسی قسم کی نرم پالیسی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات ضرور ہوئے اور دوست ممالک کی کوششوں کو سراہا جاتا ہے، مگر پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ دہشت گرد گروہوں سے کسی بھی سطح پر مذاکرات نہیں ہوں گے۔

 

طاہر اندرابی نے زور دیا کہ افغان رجیم کے بیانات حقیقت کے برعکس ہیں اور اسے اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دینی چاہیے۔ پاکستان کو امید ہے کہ افغان طالبان اپنے ہاں موجود ٹی ٹی پی کے خلاف عملی کارروائی کریں گے۔ پاکستان ہمیشہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت کو ترجیح دیتا ہے۔

 

ترجمان نے مزید بتایا کہ اردن کے بادشاہ جلد پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے، جو دونوں ممالک کے برادرانہ اور سٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔