پاکستان - 08 دسمبر 2025
خصوصی افراد کی شمولیت حکومت کی اولین ترجیح، صدر اور وزیراعظم کے پیغامات
پاکستان - 03 دسمبر 2025
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ خصوصی افراد کی قومی زندگی میں مکمل شمولیت حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم خصوصی افراد کے حقوق، وقار اور مساوی مواقع کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ تعلیم، صحت، روزگار، نقل و حرکت اور سماجی تحفظ کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ معذوری کے سرٹیفکیٹ، قومی شناختی کارڈ پر خصوصی لوگو اور آسان رسائی جیسی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک منصفانہ معاشرہ تب ہی قائم ہوتا ہے جب ہر شہری کو برابری کی سہولت میسر آئے، اس لیے جسمانی، معاشرتی اور رویوں پر مبنی رکاوٹیں ختم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کی سماجی، معاشرتی اور ثقافتی بنیاد کا اہم حصہ ہیں اور کسی بھی جسمانی کمی سے ان کی ذہنی صلاحیتوں یا حقوق پر کوئی حرف نہیں آتا۔
انہوں نے بتایا کہ خصوصی افراد کے حقوق کے ایکٹس، سی آر پی ڈی کونسل کی فعالیت اور سہولتی آلات، ہنرمندی کی تربیت، ملازمتوں میں کوٹہ اور رسائی کے اقدامات اس ضمن میں اہم پیشرفت ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم، صحت، روزگار اور سماجی زندگی میں خصوصی افراد کی برابری کی سطح پر شمولیت قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے قوم، صوبائی حکومتوں، اداروں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ سب مل کر ایسا ماحول تشکیل دیں جہاں خصوصی افراد اپنی مکمل صلاحیتوں کے ساتھ معاشرے کا فعال حصہ بن سکیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امتیازی سلوک سے پاک معاشرہ بنانے اور خصوصی افراد کے حقوق کے مؤثر تحفظ کیلئے حکومتی کوششیں جاری رہیں گی۔
دیکھیں

