تازہ ترین - 20 فروری 2026
پی ایس ایل میڈیا رائٹس کی ریکارڈ ڈیل متوقع؛ پی سی بی کو اربوں روپے کی آمدن کا امکان
کھیل - 20 فروری 2026
کراچی: پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی مالی ڈیل ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے خزانے میں اربوں روپے کا اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک پاکستان سپر لیگ فرنچائز نے پی ایس ایل براڈکاسٹ رائٹس کے لیے سالانہ ساڑھے چار ارب روپے دینے میں سنجیدہ دلچسپی ظاہر کی ہے، جس کی بنیاد پر چار سالہ معاہدہ 18 ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے۔
پی سی بی نے کچھ عرصہ قبل چار سالہ پی ایس ایل میڈیا رائٹس کے لیے ٹینڈر جاری کیا تھا، جس میں متعدد اداروں نے دلچسپی لی۔
دو بڑے اسپورٹس چینلز بھی دوڑ میں شامل ہونا چاہتے تھے، تاہم واجبات کی عدم ادائیگی پر انہیں نااہل قرار دے دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فرنچائز کی مالک ایک کمپنی براڈکاسٹ کے ساتھ ساتھ میڈیا رائٹس حاصل کرنے کی خواہاں ہے اور اس کی جانب سے ریکارڈ توڑ بولی متوقع ہے۔
بعض حلقوں کے مطابق لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کی بولی 7 ارب روپے تک جا سکتی ہے، جو اسے پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیل بنا دے گی۔
پی سی بی نے اس بار شفافیت یقینی بنانے کے لیے کنسورشیم کی اجازت نہیں دی، جبکہ کامیاب بولی کی صورت میں متعلقہ کمپنی سرکاری ٹی وی کے پلیٹ فارم سے نشریات کر سکتی ہے۔
پی سی بی نے پاکستان میں پی ایس ایل براڈکاسٹ اور لائیو اسٹریمنگ رائٹس کی علیحدہ فروخت کے لیے ٹینڈر جاری کیا تھا، جس میں دونوں کی بڈ سیکیورٹی 10،10 کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔
اندازوں کے مطابق براڈکاسٹ رائٹس کی ریزرو پرائس 18 ارب جبکہ لائیو اسٹریمنگ کی 6 ارب روپے تک ہو سکتی ہے۔
گزشتہ برس پی ایس ایل میں 34 میچز کھیلے گئے تھے، تاہم دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے میچز کی تعداد 44 ہو جائے گی، جس سے اس چار سالہ معاہدے کی مجموعی ویلیو مزید بڑھ جائے گی۔ لیگ کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہوگا۔
دیکھیں

