بانی پی ٹی آئی کے ہرجانے کیس میں سپریم کورٹ کا نوٹس، وزیر اعظم شہباز شریف کو جواب طلب

news-banner

پاکستان - 20 فروری 2026

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف وزیر اعظم شہباز شریف کے دائر کردہ 10 ارب روپے کے ہرجانے کے مقدمے پر سماعت ہوئی۔

 

جسٹس عائشہ ملک نے وزیر اعظم شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور کیس کی جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیا۔

 

سماعت کے دوران وکیل علی ظفر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے زخمی ہونے کی وجہ سے وہ مقدمے میں پیش نہ ہو سکے۔

 

 ٹرائل کورٹ نے بانی کی عدم پیشی پر حقِ دفاع ختم کر دیا تھا اور اب مقدمے میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہو رہے ہیں۔

 

جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ کتنے ارب روپے کا دعویٰ ہے، جس پر علی ظفر نے بتایا کہ دس ارب روپے کا ہرجانہ طلب کیا گیا ہے۔ 

 

جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے حقِ دفاع ختم کرنے سے پہلے بانی کے زخمی ہونے کو دو تاریخوں پر تسلیم کیا، لہٰذا زخمی ہونے کے باوجود حقِ دفاع کیسے ختم کیا جا سکتا ہے؟

 

سپریم کورٹ نے کہا کہ مقدمے میں دوسرے فریق کو نوٹس جاری کیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ سماعت میں تمام پہلوؤں پر غور کیا جا سکے۔