تازہ ترین - 20 فروری 2026
ایڈہاک صدر پی ایچ ایف نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی کپتان قومی ہاکی ٹیم پر عائد پابندی ختم کر دی
کھیل - 20 فروری 2026
لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
محی الدین وانی نے چارج سنبھالنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کیے جانے والے تمام فیصلے شارٹ ٹرم بنیادوں پر ہوں گے، ہاکی کے فروغ اور بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں، جبکہ اعتماد کی بحالی اور ٹیم مینجمنٹ کی ازسرِ نو تشکیل پر بھی کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوچنگ اور ٹریننگ سسٹم میں بہتری لائی جائے گی اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنایا جائے گا۔
کھلاڑی صرف ٹریننگ اور میچز پر توجہ دیں گے، جبکہ تمام انتظامی معاملات فیڈریشن خود سنبھالے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام فیصلے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔
ایڈہاک صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے وقت بہت کم رہ گیا ہے، اس لیے فوری فیصلے ناگزیر ہیں۔
آج یا کل سے تربیتی کیمپ کا آغاز کر دیا جائے گا۔
انہوں نے باضابطہ طور پر کپتان عماد بٹ پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد ہاکی کی بہتری کے لیے مزید اہم فیصلے کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر طارق بگٹی نے قومی ٹیم کے کپتان پر پابندی عائد کرنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جسے پی ایچ ایف کے سرپرستِ اعلیٰ وزیر اعظم شہباز شریف نے منظور کیا۔
حکومتی فیصلے کے تحت محی الدین احمد وانی، سیکریٹری وزارتِ بین الصوبائی رابطہ، کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ایڈہاک صدر مقرر کیا گیا تھا۔
دیکھیں

