تازہ ترین - 20 فروری 2026
ملک بھر کی جامعات میں اے آئی کورس لازمی، ایچ ای سی کا بڑا تعلیمی فیصلہ
تازہ ترین - 20 فروری 2026
اسلام آباد: اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی تمام سرکاری اور نجی جامعات میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح پر مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کا کورس لازمی قرار دے دیا ہے۔
ایچ ای سی کے مطابق یہ تین کریڈٹ آور پر مشتمل اے آئی کورس تعلیمی سیشن 2026 سے تمام ڈگری پروگرامز میں نافذ العمل ہوگا۔
اس فیصلے کا اطلاق سرکاری و نجی جامعات کے ساتھ ساتھ ڈگری ایوارڈنگ انسٹیٹیوٹس پر بھی ہوگا۔
ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیا الحق کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں وائس چانسلرز اور ادارہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تعلیمی نظام میں اے آئی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کریں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 21ویں صدی میں مصنوعی ذہانت تعلیم، صحت، معیشت اور انتظامی شعبوں میں تیزی سے جدت لا رہی ہے، اس لیے طلبہ کو اس ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ اور اخلاقی استعمال کی تربیت دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔
ایچ ای سی نے واضح کیا کہ یہ کورس بطور اختیاری مضمون، بین الشعبہ جاتی کورس یا کسی متعلقہ پروگرام کے حصے کے طور پر شامل کیا جا سکتا ہے، تاہم اس میں اے آئی کے بنیادی تصورات شامل ہونا لازمی ہوں گے۔
کمیشن کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
دیکھیں

