ایپسٹین سے مبینہ تعلقات: سابق برطانوی شہزادہ اینڈریو گرفتاری کے بعد رہا

news-banner

دنیا - 20 فروری 2026

لندن: سرکاری اختیارات کے مبینہ غلط استعمال اور امریکی مجرم جیفری ایپسٹین سے تعلقات کے الزامات کے تحت سابق برطانوی شہزادہ پرنس اینڈریو کو گرفتار کرنے کے بعد رہا کر دیا گیا۔

 

پولیس کے مطابق حراست کے دوران پرنس اینڈریو کی تصاویر اور فنگر پرنٹس لیے گئے جبکہ تفتیش کے دوران ان سے حساس سرکاری دستاویزات سے متعلق سوالات بھی کیے گئے۔

 

برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ پرنس اینڈریو سے تقریباً 12 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی، جس کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا، تاہم تحقیقات بدستور جاری ہیں اور الزامات کی تصدیق کے لیے شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

 

پولیس کے مطابق تاحال پرنس اینڈریو پر کوئی باقاعدہ فردِ جرم عائد نہیں کی گئی، مگر ان پر الزام ہے کہ انہوں نے حساس سرکاری معلومات غیر قانونی طور پر امریکی مجرم ایپسٹین کو فراہم کیں۔

 

سابق شہزادہ اینڈریو کو ان کی سالگرہ کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔

 

کراؤن پراسیکیوشن سروس کے مطابق اس نوعیت کے جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا عمر قید ہو سکتی ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ پرنس اینڈریو کو عمر قید کا سامنا کرنے کا امکان کم ہے۔