Pakistan

اسلام آباد پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ملزم گرفتار

اسلام آباد پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ملزم گرفتار
۵ گھنٹے پہلے

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق تھانہ شمس کالونی کی حدود میں بین الصوبائی ڈکیت گینگ کے ساتھ پولیس ٹیم کا فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم امجد علی ڈکیتی، رہزنی اور موٹر سائیکل چوری کے 42 سے زائد مقدمات میں اسلام آباد اور پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔ 

ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم نے معمول کی چیکنگ کے دوران مشتبہ موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم تین مسلح ڈاکوؤں نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا۔ 

پولیس کے مطابق فرار کے دوران ملزمان نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی، تاہم پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس کی وجہ سے محفوظ رہے۔ اسی دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم اپنی ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو کر گر گیا، جسے پولیس نے موقع پر گرفتار کر لیا۔ 


گرفتار ملزم کی شناخت امجد علی کے نام سے ہوئی ہے جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔ 

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل، اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کر لیا گیا ہے۔ جبکہ اس کے دیگر دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں