Pakistan

شہری کے نام پر 421 گاڑیاں رجسٹرڈ، لاکھوں روپے کے چالان پر پولیس بھی حیران

شہری کے نام پر 421 گاڑیاں رجسٹرڈ، لاکھوں روپے کے چالان پر پولیس بھی حیران
۳ گھنٹے پہلے

ٹریفک پولیس کی جنرل ہولڈاپ کارروائی کے دوران ایک حیران کن انکشاف سامنے آیا جس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق غیر معمولی ریکارڈ بے نقاب ہو گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق جنرل ہولڈاپ کے دوران ایک موٹر سائیکل سوار کو روک کر اس کی ملکیت کی جانچ پڑتال کی گئی تو معلوم ہوا کہ باز محمد نامی شہری کے نام پر 421 گاڑیاں، رکشے اور موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں۔ اس انکشاف نے موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کو بھی حیران کر دیا۔

 

رپورٹ کے مطابق باز محمد کے نام پر 20 لاکھ 88 ہزار 800 روپے سے زائد مالیت کے الیکٹرانک چالان بھی واجب الادا ہیں۔

 

کارروائی کے دوران مذکورہ شہری کی موٹر سائیکل کو تھانہ مسلم ٹاؤن منتقل کر کے بند کر دیا گیا۔

 

شہر کے چیف ٹریفک افسر سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر الیکٹرانک چالان نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔

 

حکام کے مطابق لاکھوں روپے کے بقایا الیکٹرانک چالان ٹریفک پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکے ہیں، جبکہ لاہور میں جعلی یا مشتبہ رجسٹریشنز کی جانچ کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا ہے۔

 

حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون شکنی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رہے گی اور الیکٹرانک چالان نادہندگان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں