راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش، واسا ہائی الرٹ
راولپنڈی اور اسلام آباد میں منگل کی صبح ہونے والی تیز بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، جس کے بعد جڑواں شہروں کا موسم خوش گوار ہوگیا۔ بارش کے بعد انتظامیہ نے نشیبی علاقوں، نالہ لئی اور اہم مقامات پر پانی کی صورتحال کی نگرانی شروع کردی ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق جڑواں شہروں میں بارش کا سلسلہ صبح 4 بج کر 50 منٹ پر شروع ہوا، جو صبح 10 بج کر 20 منٹ تک جاری رہا۔ اس دوران اسلام آباد کے سیکٹر آئی-12 میں سب سے زیادہ 49 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق نیو کٹاریاں میں 43 ملی میٹر، گولڑہ میں 42 ملی میٹر، شمس آباد میں 40 ملی میٹر، پیرودھائی میں 39 ملی میٹر اور گوالمنڈی میں 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
اس سے قبل دستیاب بارش کے اعداد و شمار میں سید پور میں 15 ملی میٹر، گولڑہ میں 36 ملی میٹر، بوکرہ میں 42 ملی میٹر، پیرودھائی میں 34 ملی میٹر، نیو کٹاریاں میں 36 ملی میٹر اور شمس آباد میں 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔
واسا ہائی الرٹ
بارش کے پیش نظر راولپنڈی میں واسا کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ واسا حکام کے مطابق نالہ لئی کے اطراف اور نشیبی علاقوں میں عملہ تعینات ہے، جبکہ نکاسی آب کے لیے ہیوی مشینری بھی الرٹ رکھی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں میں بارش کے بعد صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے، بالخصوص گوالمنڈی اور کٹاریاں کے مقامات پر پانی کی سطح کی نگرانی کی جارہی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق واٹر لیول سینسرز کی ریڈنگ میں کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 10.5 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 9 فٹ ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب بارش کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے اور موسم خوش گوار ہوگیا ہے۔ انتظامیہ اور واسا کا عملہ نشیبی علاقوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہے۔