چینی ہیومینائیڈ روبوٹ کا 106 کلومیٹر مسلسل پیدل سفر، نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم

news-banner

تازہ ترین - 24 نومبر 2025

ایک چینی ساختہ انسان نما روبوٹ نے ملک کے مشرقی شہروں کے درمیان 106 کلومیٹر طویل راستہ مسلسل پیدل طے کر کے نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا دیا۔

 

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق شنگھائی کی کمپنی اگی بوٹ کے تیار کردہ روبوٹ اینڈرائیڈ A2 نے 10 نومبر کی رات سُوزو سے اپنا سفر شروع کیا اور 13 نومبر کی صبح سویرے شنگھائی کے علاقے بند میں پہنچ کر سفر مکمل کیا۔

 

اگی بوٹ کے جدید ہاٹ-سوآپ بیٹری سسٹم نے روبوٹ کو پورے سفر کے دوران فعال رکھا، اور تصدیق شدہ ڈیٹا کے مطابق اس نے مجموعی طور پر 106.3 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔

 

کمپنی کے سینئر نائب صدر وانگ چوآنگ کا کہنا تھا کہ سوزو سے شنگھائی تک پیدل چلنا کئی انسانوں کے لیے بھی دشوار ہے، مگر روبوٹ نے یہ کارنامہ با آسانی انجام دے کر اپنے ہارڈویئر، توازن برقرار رکھنے والے ’سریبیلر‘ الگورتھم اور اعلیٰ برداشت کی صلاحیت کو ثابت کیا ہے۔ یہ کامیابی بڑے پیمانے پر تجارتی استعمال کا راستہ کھولتی ہے۔

 

دوہری جی پی ایس ٹیکنالوجی، لیڈار اور انفراریڈ ڈیپتھ سینسرز سے لیس A2 نے ٹریفک سگنلز، تنگ راستوں اور مصروف فٹ پاتھوں جیسے چیلنجوں کے باوجود دن رات مستحکم انداز میں سفر جاری رکھا۔ روبوٹ نے اسفالٹ سڑکوں، ٹائل شدہ راستوں، پلوں، نابینا افراد کے ٹریک اور ریمپس سے گزرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کی۔

 

شنگھائی پہنچنے پر روبوٹ نے شِنہوا سے گفتگو کرتے ہوئے اس سفر کو اپنی "مشینی زندگی کا یادگار تجربہ" قرار دیا اور ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ شاید اسے اب "نئے جوتوں کی ضرورت ہو"۔

 

اس سے قبل اپریل میں بیجنگ ہیومینائیڈ روبوٹ انوویشن سینٹر کے بنائے گئے تیئن کنگ الٹرا نے 21 کلومیٹر کی ہاف میراتھن 2 گھنٹے 40 منٹ میں مکمل کی تھی۔