پاکستان - 25 نومبر 2025
ضمنی الیکشن ریفرنڈم ثابت ہوا، قیدی 804 کو شکست دی: وزیراعلیٰ مریم نواز
پاکستان - 24 نومبر 2025
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ ضمنی الیکشن کسی انتخاب سے زیادہ ایک ریفرنڈم تھا، جو مسلم لیگ ن واضح طور پر جیت چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ "قیدی نمبر 804 کو گھر میں گھس کر شکست دی" اور جب عوام ساتھ ہوں تو الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا جاتا۔
صوبائی وزراء اور سیکرٹریوں کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ایسی منافقت کبھی نہیں دیکھی کہ ہار جائیں تو اسے بائیکاٹ قرار دے دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جب دھاندلی ہوتی ہے تو پوری دنیا اسے دیکھتی ہے، آج غیر ملکی میڈیا بھی لکھ رہا ہے کہ ’’پنجاب کبھی جادو ٹونے پر چلتا تھا‘‘—
لیکن ایسی کامیابی دیرپا نہیں ہوتی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب پوری مسلم لیگ ن کو اسی طرز کی صورتحال کا سامنا تھا، حتیٰ کہ ان کی 13 سالہ بیٹی سے بھی ملاقات نہیں کرائی جاتی تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ انہیں نوازشریف سے ملاقات کی ہفتے میں صرف 20 منٹ کی اجازت ملتی تھی اور ماں کے انتقال کی خبر بھی انہیں جیل میں ملی، اس کے باوجود انہوں اور نوازشریف نے کبھی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’پی ٹی آئی آج اپنے اعمال کا نتیجہ بھگت رہی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ریاست پر حملہ کرنے والوں کو ہار نہیں پہنائے جاتے، پی ٹی آئی نے توڑ جوڑ سے الیکشن جیتنے کی کوشش کی، لوگوں کی پگڑیاں اچھالی گئیں مگر کوئی کچھ نہ بولا۔ ملک پر حملے کے بعد ہی پی ٹی آئی کا زوال شروع ہوا۔
مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن کے ڈھیر لگ چکے ہیں، محض بیانیے سے عوام کے پیٹ نہیں بھرتے، پرفارمنس ضروری ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو برسوں صرف ’’چور‘‘ کے بیانیے پر چلایا گیا اور صوبہ پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا گیا۔ ن لیگ اب خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے دل اور وسائل کے دروازے کھول رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہری پور میں عوام نے نوازشریف کو ووٹ دے کر پیغام دے دیا ہے کہ کوئی بھی مقبول لیڈر الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ’’قیدی نمبر 804‘‘ کے نام پر ضمنی الیکشن لڑا، مگر انہیں پنجاب اور خیبرپختونخوا دونوں جگہ عبرتناک شکست ہوئی۔ ضمنی الیکشن کی کامیابی انہوں نے نوازشریف اور دونوں صوبوں کے عوام کے نام کردی۔
دیکھیں

