پاکستان - 25 نومبر 2025
بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر نے شفاف انتخابات کے لیے کامن ویلتھ کی حمایت کی اہمیت پر زور دیا
دنیا - 24 نومبر 2025
بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے کہا ہے کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات کو شفاف، پرامن اور قابلِ اعتماد بنانے کے لیے کامن ویلتھ کی جامع معاونت ضروری ہے۔
یہ بات انہوں نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس جمنا میں کامن ویلتھ کی سیکریٹری جنرل شرلی آیورکور بوچوے سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں سیاسی عبوری دور میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
پروفیسر یونس نے کہا کہ جمہوری انتقال اقتدار اور آئندہ عام انتخابات میں کامن ویلتھ کی بھرپور مدد درکار ہے۔
چیف ایڈوائزر نے بنگلہ دیش کے انتخابی عمل میں سیکریٹری جنرل کی دلچسپی کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ عبوری حکومت ایک آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانے کے لیے پرعزم ہے۔
جواب میں شرلی بوچوے نے انتخابی عمل اور بعد از انتخابات مرحلے میں کامن ویلتھ کی مکمل حمایت کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ کے 56 ممالک، جن میں جی 7 اور جی 20 کے رکن ممالک بھی شامل ہیں، بنگلہ دیش کے لیے قیمتی وسائل فراہم کر سکتے ہیں۔
سیکریٹری جنرل نے بتایا کہ کامن ویلتھ انتخابات سے قبل متعدد مبصر مشنز تعینات کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
ملاقات کے دوران انتخابی امور کے علاوہ نوجوانوں کے لیے مواقع، کاروبار کے فروغ، سوشل بزنس، بے روزگاری، کاربن اخراج اور عدم مساوات میں کمی لانے کے لیے ‘تھری زیرو وژن’ کے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے آئندہ عام انتخابات فروری کے پہلے نصف میں منعقد کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
دیکھیں

