بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، ’فتنۃ الخوارج‘ کے 22 دہشتگرد ہلاک

news-banner

پاکستان - 25 نومبر 2025

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بڑا آپریشن کرتے ہوئے ’فتنۃ الخوارج‘ گروہ کے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

 

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی 24 نومبر کو کی گئی، جہاں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد گروہ کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع تھی۔

 

آپریشن کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 22 دہشتگرد مارے گئے جبکہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن کا عمل بدستور جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ بھارتی پشت پناہی یافتہ دہشتگرد کو ختم کیا جا سکے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق انسدادِ دہشتگردی مہم عزمِ استحکام نیشنل ایکشن پلان کے تحت پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی، جس کا مقصد بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہے۔