خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر صدر اور وزیراعظم کے الگ الگ پیغامات

news-banner

پاکستان - 25 نومبر 2025

خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں خواتین کے حقوق کے تحفظ اور تشدد کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

 

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم دنیا بھر کی ان کروڑوں خواتین اور بچیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جو مختلف صورتوں میں تشدد کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد نہ صرف فرد کی سطح پر غلط عمل ہے بلکہ یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور معاشرتی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔

 

صدر نے کہا کہ خواتین کو تعلیم، ہنر اور معاشی خود مختاری کے ذریعے بااختیار بنانا تشدد کے خاتمے کی بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال کا موضوع ’’خواتین اور لڑکیوں کے خلاف ڈیجیٹل تشدد کے خاتمے کے لیے اتحاد‘‘ ہے، جو ہمیں پیشگی اقدامات، متاثرہ خواتین کی مدد اور نظامی اصلاحات کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔

 

آصف زرداری نے تمام اداروں اور معاشرے سے اپیل کی کہ خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے مؤثر قانون سازی کے ساتھ اس کے مکمل نفاذ کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا مستقبل تعمیر کرنا ہے جہاں ہر عورت اور بچی خوف اور تشدد سے محفوظ زندگی گزار سکے۔

 

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین پر تشدد اور ہراسانی کے خاتمے کے لیے کثیرالجہتی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ، انہیں بااختیار بنانے اور ان کی قانونی معاونت کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر خواتین پر تشدد کے خاتمے کے مقصد کو اجاگر کر رہا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اس سال کا عنوان ’’خواتین کے خلاف ڈیجیٹل تشدد کے خاتمے کے لیے متحد‘‘ ہے، جو جدید دور میں مختلف پلیٹ فارمز پر خواتین کو درپیش چیلنجز پر توجہ مبذول کراتا ہے۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ خواتین پر تشدد انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور معاشرتی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت خواتین کے تحفظ، ان کی انصاف تک رسائی، قانون سازی اور ادارہ جاتی سطح پر اہم اصلاحات لا رہی ہے۔