پاکستان - 25 نومبر 2025
پریمیئر لیگ میں کھلاڑی کو ساتھی کے ساتھ جھگڑنے پر ریڈ کارڈ، ایورٹن نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی ناقابل شکست ریکارڈ توڑ دی
کھیل - 25 نومبر 2025
پریمیئر لیگ میں ایورٹن کے مڈفیلڈر اڈریسا گوئی کو اپنی ہی ٹیم کے ساتھی مائیکل کین کے ساتھ جھگڑنے پر ریڈ کارڈ دے کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
یہ واقعہ پیر کو اولڈ ٹریفورڈ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف میچ کے دوران پیش آیا۔
13ویں منٹ میں گوئی کے ایک غلط پاس کے بعد برونو فرنینڈس کا شاٹ گول پوسٹ کے قریب سے خارج ہوا، جس پر گوئی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کین کو دھکا دیا اور پھر ان کے چہرے پر تھپڑ مار دیا۔
ریفری ٹونی ہیرنگٹن نے فوری طور پر انہیں ریڈ کارڈ دکھا دیا۔ گول کیپر جورڈن پکفورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کو الگ کیا۔
37 سالہ گوئی عام طور پر پرسکون کھلاڑی مانے جاتے ہیں، اور اس قدر غصے میں آنا غیر معمولی تھا۔
بعد ازاں گوئی نے انسٹاگرام پر کین، ایورٹن اور مداحوں سے معافی مانگی اور کہا کہ جذبات بعض اوقات قابو سے باہر ہو جاتے ہیں، مگر ایسا رویہ قابل قبول نہیں۔
VAR کے جائزے کے بعد ریفری کا فیصلہ برقرار رہا کیونکہ یہ کارروائی 'تشدد پر مبنی رویے' کے زمرے میں آتی تھی۔
قوانین کے مطابق کسی بھی کھلاڑی کا جان بوجھ کر ساتھی یا مخالف کھلاڑی کے چہرے یا جسم پر وار کرنا ریڈ کارڈ کے قابل جرم ہے۔
اس کے باوجود ایورٹن نے 10 کھلاڑیوں کے ساتھ بھی میچ کا واحد گول اسکور کر کے مانچسٹر یونائیٹڈ کی 5 میچوں کی ناقابل شکست ریکارڈ کو ختم کر دیا۔
اس واقعے کے بعد ممکن ہے کہ گوئی آئندہ ماہ افریقہ کپ آف نیشنز سے پہلے ٹیم کے لیے کھیلنے سے محروم رہیں۔
گذشتہ 17 سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی کھلاڑی کو اپنی ہی ٹیم کے ساتھی سے جھگڑنے پر ریڈ کارڈ ملا ہے۔
ماضی میں ایسا حالیہ واقعہ دسمبر 2008 میں پیش آیا تھا جب سٹوک سٹی کے ریکارڈو فلر نے اپنے کپتان اینڈی گرفتھ کو تھپڑ مارا تھا۔
دیکھیں

