ایجنٹ مافیا معصوم شہریوں کا مستقبل برباد کر رہا ہے، سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ ‘ محسن نقوی

news-banner

پاکستان - 29 نومبر 2025

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ویزا اور ایجنٹ مافیا لالچِ زر میں معصوم لوگوں کے مستقبل سے کھیل رہا ہے اور ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جعلی وعدوں پر بیرونِ ملک بھیجنے والے ایجنٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

 

وزیر داخلہ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دو گھنٹے طویل اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن عمل، اہلکاروں کی موجودگی اور مسافروں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں سے براہِ راست گفتگو کرکے ان کی شکایات بھی سنیں۔

 

محسن نقوی نے 7 نومبر کو ایک مسافر کی امیگریشن پر کم عملے کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ صورتحال کا سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے باریک بینی سے جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسے مسائل دوبارہ پیدا نہیں ہونے دیے جائیں گے۔

 

انہوں نے ہدایت دی کہ مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے افراد کو بلاجواز نہ روکا جائے، تاہم جعلی کاغذات اور غیر قانونی ذرائع سے بیرونِ ملک جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، کیونکہ ایسے مسافر ملک کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں۔

 

وزیر داخلہ نے ایجنٹ مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ روزگار کا جھانسہ دے کر لوگوں کو دھوکا دینے والے عناصر کسی رحم کے مستحق نہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ایئرپورٹ امیگریشن نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور مسافر دوست بنایا جائے تاکہ پاکستان کی ساکھ اور مسافروں کا اعتماد برقرار رہے۔