خصوصی بچوں کو خودمختار بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے: وزیراعظم شہباز شریف

news-banner

پاکستان - 19 دسمبر 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ خصوصی بچوں کو معاشرے میں باوقار اور خودمختار زندگی گزارنے کے قابل بنایا جائے، کیونکہ یہ سب قوم کے بچے ہیں اور انہیں اعتماد دینا ریاست کا فرض ہے۔

 

اسلام آباد میں آٹزم کے لیے سینٹر آف ایکسی لینس کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی بچوں کی فلاح کے لیے کئی ادارے دہائیوں سے خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ آج آٹزم سے متاثرہ بچوں کے لیے ایک اہم ادارے کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔

 

 انہوں نے ہدایت کی کہ یہ منصوبہ دو کے بجائے ایک سال میں مکمل کیا جائے۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے خصوصی بچوں کو غیر معمولی صلاحیتوں سے نوازا ہے، اور ان کی تربیت و سرپرستی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ 

 

انہوں نے آٹزم سینٹر کے لیے 15 کوچز کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے منصوبے کی تعمیر پر کام کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

 

تقریب کے دوران خصوصی بچوں نے قومی ترانہ پیش کیا اور موسیقی و خاکے کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے زیرِ تربیت بچوں سے ملاقات بھی کی اور ان سے شفقت کا اظہار کیا۔