قائمہ کمیٹی مواصلات کا اجلاس تلخی کی نذر، عبدالعلیم خان اور سینیٹر پلوشہ خان میں سخت جملوں کا تبادلہ

news-banner

پاکستان - 19 دسمبر 2025

قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس میں اس وقت شدید کشیدگی پیدا ہو گئی جب وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور سینیٹر پلوشہ خان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔

 

 اجلاس کے دوران پلوشہ خان کے سوال پر دونوں رہنماؤں کے درمیان تلخ کلامی اس حد تک بڑھ گئی کہ نوبت ذاتی جملوں تک جا پہنچی۔

 

پلوشہ خان نے وفاقی وزیر کے طرزِ گفتگو پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس انداز میں بات کرنے والے کون ہوتے ہیں، جس پر عبدالعلیم خان نے جواب دیا کہ اگر آپ عزت سے بات کریں گی تو ہم بھی عزت کریں گے، آپ لوگ ذاتی نوعیت کے الزامات لگاتے ہیں۔

 

تلخ جملوں کے تبادلے کے دوران عبدالعلیم خان نے “شٹ اپ” کہا تو پلوشہ خان نے بھی اسی لہجے میں جواب دیا، جس پر اجلاس میں ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔

 

 پلوشہ خان نے کمیٹی چیئرمین سے مطالبہ کیا کہ وزیر کی بدتمیزی پر رولنگ دی جائے اور سوال اٹھایا کہ کیا نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کا نام لینا جرم ہے؟

 

صورتحال بگڑنے پر کمیٹی چیئرمین نے مداخلت کی، جس کے بعد وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے معذرت کر لی۔ اجلاس کے دوران سینیٹر پرویز رشید نے دونوں فریقین کو خاموش کرانے کی کوشش کی، تاہم کشیدہ ماحول دیر تک برقرار رہا۔