بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کا شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی کیمپ پر حملہ، 4 دہشت گرد ہلاک، 4 بہادر جوان شہید

news-banner

پاکستان - 19 دسمبر 2025

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر بارود سے بھری گاڑی سے حملہ کیا۔

 

 خوارج کی کارروائی میں کیمپ کی بیرونی دیوار تباہ ہوئی اور قریبی شہری انفراسٹرکچر سمیت ایک مسجد کو شدید نقصان پہنچا۔ اس حملے میں بچوں اور خواتین سمیت 15 شہری زخمی ہوئے۔

 

فورسز نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور چار خوارج کو ہلاک کر دیا۔ اس کارروائی میں حوالدار محمد وقاص، نائیک خان ویز، سپاہی سفیان حیدر اور سپاہی رفعت شہید ہوئے۔

 

 آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کارروائیاں افغان خوارج کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہیں اور افغان طالبان سے توقع کی گئی ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے استعمال سے بچائیں۔

 

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حملے کی مذمت کی اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور زخمی شہریوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

 

 وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔