پاکستان جنوری 2026 میں پہلا پانڈا بانڈ جاری کرے گا، وزارتِ خزانہ

news-banner

کاروبار - 20 دسمبر 2025

وزارتِ خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان جنوری 2026 میں اپنا پہلا پانڈا بانڈ جاری کرے گا، جو ایک طے شدہ فنانسنگ پروگرام کا حصہ ہوگا جس کی مجموعی مالیت تقریباً ایک ارب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔

 

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت ہونے والے ایک جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت ابتدائی مرحلے میں تقریباً 250 ملین ڈالر کے مساوی رقم جمع کی جائے گی، جبکہ باقی اقساط ریگولیٹری منظوریوں کی تکمیل کے بعد جاری کی جائیں گی۔

 

وزیرِ خزانہ کے مطابق ملٹی لیٹرل شراکت داروں سے منظوری پہلے ہی حاصل ہو چکی ہے، جبکہ چینی ریگولیٹرز کی حتمی اجازت جنوری کے آغاز میں متوقع ہے۔

 

وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ پانڈا بانڈ یوآن میں جاری کیا جائے گا اور چین کی آن شور ڈیٹ مارکیٹ میں فروخت ہوگا، جس کا مقصد پاکستان کے لیے فنڈنگ کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنا اور چینی مالیاتی منڈی تک براہِ راست رسائی حاصل کرنا ہے۔

 

یہ اقدام پاکستان کی وسیع تر قرض مینجمنٹ حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کا ہدف آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے پروگرام کے تحت معاشی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ 

 

وزارت کے مطابق چینی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کا مثبت ردعمل حالیہ پالیسی اصلاحات کے بعد پاکستان کی بہتر ہوتی میکرو اکنامک صورتحال پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔