توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید کی سزا

news-banner

پاکستان - 20 دسمبر 2025

توشہ خانہ ٹو کیس میں احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔

 

 عدالت نے دونوں ملزمان کو توشہ خانہ کیس میں 10،10 سال جبکہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 409 کے تحت مزید 7،7 سال قید کی سزا سنائی۔

 

عدالت کے فیصلے کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فی کس ایک کروڑ 64 لاکھ 25 ہزار 650 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

 

 یہ فیصلہ سپیشل جج سینٹرل ارجمند شاہ نے اڈیالہ جیل میں ملزمان کی موجودگی میں سنایا، تاہم سماعت کے موقع پر دونوں کے وکلا عدالت میں موجود نہیں تھے۔

 

یاد رہے کہ نیب نے 13 جولائی 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں گرفتار کیا تھا۔

 

 دونوں 37 روز تک نیب کی تحویل میں رہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد 20 اگست 2024 کو احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا گیا۔

 

کیس میں 12 دسمبر 2024 کو فردِ جرم عائد کی گئی، جبکہ مختلف عدالتی مراحل کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت یہ مقدمہ ایف آئی اے کو منتقل ہوا۔

 

الزام کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی نے تحفے میں ملنے والے قیمتی زیورات اور گھڑیاں کم مالیت ظاہر کر کے اپنے پاس رکھیں۔

 

 نیب کی تحقیقات میں ان زیورات کی اصل مالیت لاکھوں یورو بتائی گئی، جبکہ ملزمان نے مبینہ طور پر کم قیمت ادا کر کے یہ اشیاء حاصل کیں۔